بھٹکل ،3؍اپریل (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے ہلیال کے چوہان پلاٹ میں واقع ایک مسجد میں لاک ڈاؤن کے پس منظر میں عائد کیے گئے امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنے کے الزام میں 9 افراد کو پولیس نے گرفتارکرلیا ہے، جبکہ 9افراد کے فرار ہوجا نے کی بات بھی پولس نے بتائی ہے۔
پولیس کا کہناہے کہ جملہ20افرادنے مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کی کوشش کی۔جب پولیس نے انہیں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے باجماعت نماز ادا کرنے اور ہنگامی ضرورت کے سواکسی بھی کام سے باہر نکلنے پر لگی ہوئی پابندی کے متعلق سمجھانے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس کے ساتھ حجت اوربدزبانی کی۔
پولیس نے اپنے فرائض ادا کرنے میں رکاوٹ پید اکرنے کے الزام کے ساتھ دفعہ 143،147،269،270،353 ،504اور 506کے تحت کیس درج کردیا اور نو لوگوں کو گرفتارلیا اور عدالت میں پیش کردیا۔